لاہور (بیوروچیف) پنجاب کی پہلی ای ٹیکسی سکیم کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آ گئی۔ وزیرِ ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کی زیرِ صدارت ای ٹیکسی سکیم پر اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ ٹرانسپورٹ، بینک آف پنجاب اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ سکیم کے پہلے مرحلے میں 1100 الیکٹر ک گاڑیاں مختص کی گئی ہیں، جبکہ سکیم کیلئے 22ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، حکام کے مطابق موصول ہونے والی درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد اپروول کا عمل جاری ہے اور ہر لحاظ سے مکمل درخواستوں کو ای بیلٹنگ (E-Balloting) میں شامل کیا جائے گا، انفرادی درخواست گزاروں کیلئے مختص گاڑیوں کی تعداد میں ضرورت کے مطابق اضافہ کیا جا سکتا ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے ای ٹیکسی سکیم سے متعلق تمام امور تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ای ٹیکسی سکیم کے ذریعے نہ صرف نوجوانوں بلکہ خواتین کو بھی باعزت اور بہترین روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، اس سکیم سے عوام کو جدید، ماحول دوست اور بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں گی،سکیم کیلئے انتہائی آسان شرائط رکھی گئی ہیں اور گاڑیوں پر آنے والے انٹرسٹ کا سارا بوجھ حکومت خود برداشت کرے گی۔




