گوجرانوالہ(بیوروچیف)پنجاب کے دو حلقوں میں انتخابی دنگل سج گیا، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے77گوجرانوالہ اور پی پی203 چیچہ وطنی میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا جاری ہے۔الیکشن کمیشن کیمطابق پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔گوجرانوالہ کے حلقہ این اے 77 میں 333 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں، جن میں 142 مردانہ، 137 زنانہ اور 54 مشترکہ پولنگ سٹیشنز شامل ہیں، این اے 77 میں مجموعی طور پر 963 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، جن میں 536 مردانہ اور 427 زنانہ ہیں۔حکام کے مطابق سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات ہیں، جبکہ اس حلقے میں 11 امیدوار میدان میں ہیں۔ن لیگ کی جانب سے محمود بشیر ورک کے بیٹے راشد بشیر ورک امیدوار ہیں، یہ نشست مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔2024 کے عام انتخابات میں محمود بشیر ورک نے ایک لاکھ 9 ہزار 704 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ راشدہ طارق 91 ہزار 825 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہی تھیں، دونوں امیدواروں کے درمیان 17 ہزار 879 ووٹوں کا فرق تھا۔دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 چیچہ وطنی میں بھی ضمنی الیکشن کے لئے پولنگ جاری ہے، 2 لاکھ 58 ہزار 122 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔اس نشست پر مسلم لیگ ن نے چودھری اسد حنیف جٹ کو امیدوار نامزد کیا ہے، یہ نشست ایم پی اے چودھری محمد حنیف جٹ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔




