شہر ی پرقاتلانہ حملہ کرنیوالا ملزم گرفتار

جڑانوالہ (نامہ نگار) تھانہ لنڈیانوالہ کے علاقہ میں معمولی تلخ کلامی پر شہری پر چھریوں کے وار سے قاتلانہ حملہ کرنے والا مرکزی ملزم پولیس نے گرفتار کر لیا،تفصیلات کے مطابق چند روز قبل لنڈیانوالہ کے علاقہ میں محمد سلمان نامی نوجوان کا محلے کے لڑکے علی زین کے ساتھ معمولی بات پر جھگڑا ہوا تھا۔ رنجش کی بنا پر ملزم علی زین نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ محمد سلمان پر حملہ کر دیا۔ ملزم نے چھری کے پے در پے وار کر کے محمد سلمان کو شدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ زخمی کو فوری طور پر الائیڈ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی تھی واقعہ کا مقدمہ زخمی کے ورثا کی مدعیت میں تھانہ لنڈیانوالہ میں درج کیا گیا۔ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او فیصل آباد نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا سی پی او کے احکامات پر ایس ایچ او تھانہ لنڈیانوالہ عدیل مصطفی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی اور خفیہ اطلاع کی مدد سے مرکزی ملزم علی زین کو گرفتار کر لیا ہے ایس ایچ او عدیل مصطفی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ملزم انتہائی شاطر اور قانون کی گرفت سے بچنے کے لیے مسلسل روپوش تھا، لیکن پولیس ٹیم نے انتھک محنت کے بعد اسے ٹریس کر کے حراست میں لے لیا۔ ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والا آلہ قتل چھری بھی برآمد کر لی گئی ہے ایس ایچ او عدیل مصطفی نے مزید بتایا کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں بھی بہت جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اسے ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے عدالت سے سخت سزا دلوائی جائے گی دوسری جانب ترجمان فیصل آباد پولیس کے مطابق سی پی او فیصل آباد نے اس کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او لنڈیانوالہ عدیل مصطفی اور ان کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔ سی پی او فیصل آباد کا کہنا تھا کہ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف بھرپور اور بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں۔ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور جرائم پیشہ عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں