فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل سیشن جج نوید الرحمن نے تھانہ گلبرگ کے منشیات کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے بدنام زمانہ ڈرگ ڈیلر شبیر حسین کو مجموعی طور پر 57 سال قید اور 29لاکھ 25ہزار روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنا دیا۔ جبکہ عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں مزید 2 سال قید سخت بھگتنا ہو گی۔ استغاثہ کے مطابق دو سال قبل سی آئی اے لائلپور ٹائون کے سابق انچارج سب انسپکٹر رانا محمد علی’ سب انسپکٹر میاں عدیل مصطفی اور اے ایس آئی طاہر نصیر نے عیدگاہ روڈ پر ناکہ بندی کے دوران رکشہ سوار کو روک کر چیک کیا تو اس میں سوار شبیر حسین نامی شخص کی تلاشی لی تو اس کے قبضہ سے 31 کلو 2سوگرام چرس’ ایک کلو 8 سوگرام آئس’ ایک کلو 400 گرام ہیروئن اور 12کلوگرام افیون برآمد ہوئی۔ جوکہ بدنام زمانہ منشیات فروش نکلا اور اس کے خلاف تھانہ گلبرگ میں مقدمہ درج کر کے چالان مکمل کر کے عدالت بھجوایا تو فاضل جج نے جرم ثابت ہونے پر مجرم شبیر حسین کو مختلف دفعات کے تحت مذکورہ قید وجرمانہ کی سزا کا حکم سنایا۔




