فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنررشد اقبال کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں مجموعی طور پر44 کیسز سماعت کے لئے پیش کئے گئے۔اجلاس کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ پیش کئے گئے بیشتر کیسز پنسار سٹورز اور کریانہ سٹورز سے متعلق تھے جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تحفظات کا اظہار کیا۔انہوں نے ڈرگ انسپکٹرز اور بالخصوص ڈرگ کنٹرولر رضیہ سلطانہ کو ہدایت کی کہ وہ ادویات کی غیر قانونی فروخت اور غیر معیاری ادویات کے خلاف موثر کارروائیوں کے لئے اصل اور بڑے مراکز (Main Hubs)کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ محض کارروائیوں کی تعداد بڑھانے یا اعداد و شمار پورے کرنے کے لئے چھوٹے موٹے چالان کرنے کے بجائے معیاری، ٹھوس اور نتیجہ خیز کارروائیاں کی جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈرگ کنٹرول ٹیمیں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کریں اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کریں جو عوام کی صحت اور جانوں کے لئے خطرہ بن رہے ہیں۔انہوں نے مزید زور دیا کہ ڈرگ کنٹرول کے شعبے میں کارکردگی کا معیار صرف چالانوں کی تعداد نہیں بلکہ غیر قانونی سرگرمیوں کا موثر خاتمہ اور عوام کو محفوظ ادویات کی فراہمی ہونا چاہیے۔سیکرٹری ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ محسن اصغر ودیگر بھی اجلاس میں موجود تھے۔




