ڈاکٹر ریحانہ قمر نے ہر صنف سخن میں طبع آزمائی کی ہے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)دخترِ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور عالمی شہرت یافتہ ممتاز شاعرہ ڈاکٹر ریحانہ قمر کی امریکہ سے اپنے آبائی شہر آمد پر ان کا والہانہ اور فقید المثال استقبال کیا گیا۔ شہر کی فعال ادبی تنظیم”بزمِ وفائے قلم”اور”پریس کلب ٹوبہ ٹیک سنگھ”کے باہمی اشتراک سے ان کے اعزاز میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب اور محفلِ مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا، جس نے شہر کی ادبی فضاں کو معطر کر دیا۔ڈاکٹر ریحانہ قمر کا یہ دورہ اس لحاظ سے بھی غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے کہ وہ امریکہ کی معروف یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ (پی ایچ ڈی) کی ڈگری کے حصول کے بعد پہلی مرتبہ وطن واپس تشریف لائی ہیں، جبکہ رواں ماہ ہی ان کا بارہواں شعری مجموعہ “میری تنہائی مجھے کافی ہے” اشاعت کے مراحل طے کر کے قارئین کے ہاتھوں میں پہنچ چکا ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی خصوصی تعاون حاصل رہا سی۔ای۔اوزگن میرج ہال، علمی و ادبی شخصیت جنابِ ڈاکٹر عبد الروف کا۔ تقریب میں اہلیانِ شہر اور ادب دوست حلقوں کی جانب سے شہر کی اس ہونہار بیٹی کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے،تقریب کی صدارت معروف شاعر اور صدر سحاب ادبی فورم جناب اسد خان اسد نے کی، جبکہ صاحبِ تقریب دخترِ ٹوبہ ٹیک سنگھ ڈاکٹر ریحانہ قمر تھیں۔ نقابت کے فرائض بزمِ وفائے قلم کے صدر ساجد علی عاطر الفیحانی نے نہایت خوش اسلوبی سے سرانجام دیے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز قاری محمد احمد فیض گولڑوی نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا، جس کے بعد محمد سعید سلیم سلطانی نے بارگاہِ رسالت مآب ۖ میں ہدیہ نعت پیش کی۔تقریب میں مہمانانِ خصوصی کے طور پر ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز کاشف سعید، وائس چیئرمین تفسیر عباس بابر، چیئرمین حب الادب چیچہ وطنی بابر الیاس، سرپرستِ اعلی بزمِ وفائے قلم فاخر چودھری، صدر شعبہ خواتین میڈم شکریہ نجفی، صدر پریس کلب ٹوبہ ٹیک سنگھ میاں سعید حسن، چیئرمین پریس کلب صفدر حسین سیفی اور منتظمِ اعلی بزمِ وفائے قلم گوجرہ پروفیسر محمد ادریس نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں