ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ضلع میں عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں کی موثر نگرانی جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک نے اسسٹنٹ کمشنر پیر محل محمد زاہد اقبال کے ہمراہ تحصیل پیر محل کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی منصوبوں، سڑکوں، شجرکاری و خوبصورتی کے کام اور صحت کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے موٹروے انٹرچینج سے غوثیہ چوک تک زیر تعمیر سڑک کا معائنہ کیا، جہاں ایکسیئن ہائی وے اصغر علی نے بریفنگ دی۔ انہوں نے ضلع کونسل کے تعاون سے زیر تعمیر سڑک کا بھی جائزہ لیا، جس پر چیف آفیسر ضلع کونسل انور بیگ سیال نے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ معیار کے مطابق بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے موٹروے کے وسطی حصے میں جاری شجرکاری و خوبصورتی کے کام کا بھی معائنہ کیا اور اسے مزید موثر بنانے کی ہدایت کی۔ خصوصی تعلیم کے زیر تعمیر سکول کا دورہ کرتے ہوئے تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے اور معیار یقینی بنانے پر زور دیا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پیر محل کے مختلف وارڈز اور فارمیسی کا معائنہ کیا، مریضوں سے ملاقات کی اور مفت ادویات کی دستیابی سمیت طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں کو معیاری علاج اور مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے کہا کہ عوامی مفاد کے ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور رفتار دونوں یقینی بنائے جائیں گے، جبکہ شہریوں کو بروقت اور بہتر سہولیات کی فراہمی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔




