ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو معیاری، محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک کی نگرانی میں ضلع بھر میں ملاوٹ اور جعلسازی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد کی خصوصی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز عدنان حیدر کی سربراہی میں گوجرہ میں دو بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے ملاوٹی چائے کی پتی تیار کرنے والے یونٹ کا سراغ لگایا، جبکہ مردہ جانور کا گوشت شہر میں سپلائی کرنے کی کوشش بھی ناکام بنا دی۔پہلی کارروائی کے دوران ملاوٹی چائے کی پتی تیار کرنے والے یونٹ پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے سینکڑوں پیکٹس پر مشتمل تقریبا دو من ملاوٹی چائے کی پتی برآمد ہوئی۔ ناقص اور استعمال شدہ چائے کی پتی کو رنگ لگا کر دوبارہ پیک کیا جا رہا تھا۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے تمام چائے کی پتی اور پیکنگ لیبلز قبضے میں لے کر ملزم کے خلاف تھانہ سٹی گوجرہ میں مقدمہ درج کروا دیا۔ دوسری کارروائی میں پٹرولنگ پولیس اور محکمہ لائیوسٹاک کے حکام کے ہمراہ مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے مردہ جانور کا گوشت سپلائی کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ ملزم مردہ جانور کو مکئی کے پتوں میں چھپا کر رکشے میں لوڈ کرکے گوجرہ شہر کی جانب لا رہا تھا، جسے موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران 340 کلو مردہ جانور اور گوشت تلف کر دیا گیا، جبکہ رکشہ قبضے میں لے کر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد نے کہا کہ بیمار اور مردہ جانوروں کا گوشت اور ملاوٹی چائے کی پتی انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہیں اور متعدد موذی و جان لیوا بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں۔




