ٹوبہ میں ریسکیو1122کے زیر اہتمام ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کے مقابلے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق محفوظ معاشرے کے قیام، عوام میں حفاظتی شعور کے فروغ اور ہنگامی حالات سے موثر انداز میں نمٹنے کی صلاحیت پیدا کرنے کے لیے ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام دسویں انٹرا ڈسٹرکٹ کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیم (CERT) مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ کامرس کالج رجانہ روڈ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں منعقدہ مقابلوں کی تقریب میں ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔مقابلوں میں ضلع بھر سے تربیت یافتہ کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں نے حصہ لیا اور مختلف ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی عملی مہارتوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ طبی امداد، مریضوں کی درجہ بندی، آگ بجھانے، منہدم عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کرکے بحفاظت نکالنے اور پانی میں ڈوبنے والے افراد کو بچانے کے عملی مظاہرے پیش کیے گئے۔ ان مقابلوں کے ذریعے رضاکاروں کی استعداد کار، فوری ردعمل اور ہنگامی حالات میں امدادی کارروائیوں کی صلاحیتوں کو جانچا گیا۔مقابلوں میں یونین کونسل نمبر 27 ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی
، گوجرہ کی ٹیم دوسری جبکہ کمالیہ اور پیر محل کی ٹیموں نے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم آئندہ ماہ لاہور میں منعقد ہونے والے نیشنل CERT مقابلہ جات میں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی نمائندگی کرے گی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے کہا کہ ریسکیو 1122 عوامی خدمت کا قابلِ اعتماد ادارہ ہے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور انہیں بہترین ایمرجنسی سروسز کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ محفوظ معاشرے کی تشکیل صرف اداروں کی نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس لیے ہر شہری کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے عملی تربیت حاصل کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ ریسکیو سکائو ٹس اور کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں کسی بھی ناگہانی صورتحال میں ریسکیو ٹیموں کی آمد سے قبل انسانی جانیں بچانے میں مو ثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں