فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر نے جھنگ روڈ کے مختلف علاقو ں کا دورہ کیا اور سیوریج آپریشنز کاجائزہ لیا۔مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا بھی ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے واسا افسران کو بھٹہ روڈ،نعمت آباد روڈ اور الفا روڈ پر زیادہ سے زیادہ مشینری آپریشنل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بھٹہ روڈ سے ملحقہ آبادیوں مختار کالونی، ٹوکہ روڈ سمیت دیگر میں سیوریج مسائل کا پائیدار حل نکالنے کے لئے خصوصی اقدامات کی تاکید کی۔ڈپٹی کمشنر نے الفا روڈ پر قائم پانی چھوڑنے والی فیکٹریوں کو سربمہر کرنے کی ہدایت کیاور واضح کیا کہ عید تعطیلات تک زیادہ پانی چھوڑنے والی کوئی فیکٹری نہیں چلنی چاہیے۔انہوں نے واسا کے زیر انتظام جھنگ روڈ پر جاری ترقیاتی سکیم کے ٹرنک سیور پائپ لائن بچھانے کا بھی جائزہ لیا اور اسے 15 جون تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔مینجنگ ڈائریکٹر واسا نے یقین دہانی کرائی کہ عید تعطیلات کے اختتام تک جھنگ روڈ سے ملحقہ آبادیوں کو ترجیحی بنیادوں پر سیوریج کی بہترین سہولیات فراہم کریں گے۔جھنگ روڈ پر جاری مین ٹرنک سیور پائپ لائن بچھانے کا کام مزید تیز کردیا گیا ہے اور مقرر کردہ ٹائم فریم کے مطابق اسے مکمل کرایا جائے گا۔




