اسلام آباد(بیورو چیف)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کے سابق ڈائریکٹر جنرل، سابق انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی)ڈاکٹر ثنااللہ عباسی نے خبردار کیا ہے کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز انسانی خودمختاری، جمہوری طرزِ حکومت اور خود ارادیت پر مبنی مستقبل کے تصور کے لیے وجودی خطرہ بن چکی ہے۔بحریہ یونیورسٹی میں کس طرح ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز سہولت کے آلات سے کنٹرول کے ہتھیاروں میں تبدیل ہو چکی ہیں کے موضوع پرلیکچر دیتے ہوئے ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی نے کہا کہ نگرانی پر مبنی سرمایہ داری مارکیٹ کی ایک نئی شکل ہے۔انہوں نے کہا کہ نگرانی پر مبنی سرمایہ داری معلوماتی دور کی معاشی و سماجی حقیقت کی نمائندگی کرتی ہے، انہوں نے وضاحت کی کہ یہ کسی ہیروئی سازش کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک مخصوص تاریخی لمحے کا ثمر ہے، جس نے جمع کرنے کی ایک نئی منطق کو جنم دیا۔ڈاکٹر ثنااللہ عباسی کے مطابق اس نظام نے انسانی تجربے کو ایک کھلے وسائل میں بدل دیا ہے۔




