فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) فیصل آباد کے ضلعی جنرل سیکرٹری’ سابق ایم پی اے’ ٹکٹ ہولڈر این اے95 آزاد علی تبسم نے ”ڈیلی بزنس رپورٹ” کے آفس کا وزٹ کیا، انہوں نے تمام شعبہ جات دیکھے اور اخبار کی جدید ترین تقاضوں کے عین مطابق اشاعت پر بڑی خوشی کا اظہار کیا، انہوں نے ”ڈیلی بزنس رپورٹ” میں بطور رپورٹر کام کرتے ہوئے بیتے لمحوں کا ذکر کرتے ہوئے اپنی یادوں کو تازہ کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے ضلعی جنرل سیکرٹری’ ٹکٹ ہولڈر این اے95 آزاد علی تبسم نے اس موقع پر ”ڈیلی بزنس رپورٹ” کے نیوز ایڈیٹر ریاض ملک کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ بلدیاتی الیکشن کیلئے تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں، جو لیگی کارکنان الیکشن لڑنا چاہتے ہیں وہ عوامی رابطہ مہم تیز کر دیں، انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی اقدامات کے ثمرات سے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو چکا ہے اور انشاء اﷲ پاکستان کا شمار بہت جلد ترقی یافتہ ممالک میں ہو گا، وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے عملی اقدامات نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے، صنعتی وتجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملنا نہایت خوش آئند ہے اور معاشی استحکام سے ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں۔ سابق ممبر پنجاب اسمبلی’ ہر دلعزیز لیگی رہنما آزاد علی تبسم نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف خداداد صلاحیتوں کی مالک ہیں اور وہ ملک وقوم کی بے لوث خدمت کے جذبہ سے سرشار ہیں، صوبہ بھر میں تعمیر وترقی کا عمل تیز رفتاری سے جاری ہے، وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی کارکردگی کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے اور ان کے سیاسی مخالفین ان کی شاندار کارکردگی کو سراہنے پر مجبور ہو گئے ہیں، صوبہ بھر کے عوام نے پنجاب حکومت کی گڈگورننس اور شفافیت کو سراہا ہے، انشاء اﷲ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف ملک وقوم کی خدمت کا مشن اسی جوش وجذبہ سے سرانجام دینگی اور وہ ہر موقع پر عوامی اعتماد پر پوری اتریں گی۔




