کروڑوں کے فنڈز،کوڑا ٹیکس اور جگا ٹیکس کے باوجود ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد کی کارکردگی صفر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)کروڑوں کے فنڈز ،کوڑا ٹیکس اور جگا ٹیکس کے باوجود فیصل آباد میں صفائی ستھرائی کی صورتحال انتہائی ابتر،جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر ،ستھرا پنجاب ایجنسی حکام کو منہ چڑا نے لگے۔وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا حکم بھی نظر انداز،شہریوں کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے شروع کیا گیا ستھرا پنجاب پروگرام ایک انقلابی اقدام تھا جس کا مقصد صفائی کے نظام کو بہتر بنانا اور شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنا تھا مگر ستھرا پنجاب ایجنسی کی ناقص کارکردگی کے باعث فیصل آباد میں صفائی کی صورتحال بہتر ہونے کے باوجود مزید بگڑ گئی۔فیصل آباد میں ستھرا پنجاب ایجنسی عوامی توقعات پر پورا اترنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔شہر اور دیہات کی گلیاں ،بازار گندگی سے اٹے پڑے ہیں ،کوڑا کرکٹ کے ڈھیر معمول بن چکے ہیں،حکومت پنجاب کی جانب سے کروڑوں کے فنڈز اور دکانوں پر کوڑا ٹیکس عائد کرنے اور ستھرا پنجاب ایجنسی کی جانب سے ”جگا ٹیکس”وصولی کے باوجود فیصل آباد میں صفائی ستھرائی کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آسکی۔وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے چند روز قبل فیصل آباد میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کی سرزنش کرتے ہوئے صفائی کا معیار بنانے کا حکم دیا تھا اس پر بھی کوئی عملدرآمد نہیں کیا گیا،ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد کے ایم ڈی کی تبدیلی سے بھی کوئی فرق نہیں پڑا۔شہری و سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر نوٹس لیکر فیصل آباد میں صفائی ستھرائی کا معیار بہتر بنوائیں اور ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو نوکری سے فارغ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں