7پروازوں کو بم کی دھمکیاں

سپین(مانیٹرنگ ڈیسک )یورپ میں بم کی دھمکیوں سے فضائی سفر متاثرہوگیااور کم از کم 7 پروازوں کو ہنگامی لینڈنگ کرناپڑی جبکہ برطانیہ سے روانہ ہونے والی 2 پروازیں بھی نشانے پر آگئیں۔یورپ کے مختلف ممالک میں مسافر طیاروں کو بم کی دھمکیاں موصول ہونے کا انکشاف ہواہے،منگل کے روز وارسا، صوفیہ، روم اور اسپین کے شہر مرسیا جانے والی 7 پروازوں کو دھمکیاں دی گئیں،ایک روز قبل بھی صوفیہ جانے والی پرواز کو بم کی دھمکی موصول ہوئی تھی۔لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے وارسا جانے والی ایل او ٹی پولش ایئرلائن کی پرواز کو ہنگامی صورتحال کا سامناکرناپڑا،بم کی دھمکی کے بعد طیارے کا رخ وارسا کے موڈلن ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا،بوئنگ 737 میکس طیارے میں 181 مسافر سوار تھے،مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 54 منٹ پر طیارے میں بم کی دھمکی کا الرٹ جاری کیا گیاجس کے بعدطیارے نے 7 منٹ بعد بحفاظت وارسا موڈلن ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی۔واقعے کے بعد وارسا موڈلن ایئرپورٹ کو عارضی طور پر بند کردیا گیا،سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے طیارے اور سامان کی مکمل تلاشی لی گئی،پولش ایئرلائن کے مطابق تلاشی کے دوران کوئی مشکوک شے یا دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا،مسافروں کو بسوں کے ذریعے وارسا چوپن ایئرپورٹ منتقل کردیا گیا،کوپن ہیگن سے وارسا آنے والی اسکینڈینیوین ایئرلائن کی پرواز کو بھی بم کی دھمکی موصول ہوئی،اسکینڈینیوین ایئرلائن کا طیارہ وارسا چوپن ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔سپین میں مانچسٹر سے آنے والی ریان ایئر کی پرواز نے بھی مرسیا ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اس وقت طیارے میں 114 مسافر اور عملے کے 7 ارکان سوار تھے۔سپین کی سول گارڈ نے طیارے کی تلاشی کے بعد دھماکا خیز مواد کی موجودگی کو مسترد کردیاہے جبکہ وارسا موڈلن ایئرپورٹ پر بم کی دھمکی منسوخ کیے جانے کے بعد فضائی آپریشن بحال کردیا گیا۔برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ ملک میں فضائی سیکیورٹی کا مضبوط نظام موجود ہے،برطانوی حکومت کے مطابق ممکنہ خطرات اور جعلی بم دھمکیوں سے نمٹنے کے لیے موثر طریقہ کار موجود ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں