اسلام آباد (بیورو چیف)کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور ضلعی انتظامیہ قلات کی معاونت سے کی جانے والی کارروائی میں اسمگل شدہ سامان کی بڑی کھیپ ضبط کرلی جس کی مجموعی مالیت پچیس کروڑ تیرہ لاکھ روپے ہے۔ضبط کیے گئے اسمگل شدہ سامان میں غیر ملکی چھالیہ اور کپڑا شامل تھا جو کسٹمز قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر منتقل کیا جا رہا تھا۔ برآمد شدہ سامان کی قیمت ، انشورنس اورفیریٹ کا تخمینہ پچیس کروڑ تیرہ لاکھہ روپے ہے۔یہ کارروائی مصدقہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی جو اسمگلنگ کی روک تھام اور قومی معیشت کے تحفظ کے لیے کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ کی مسلسل کوششوں کی آئینہ دار ہے، بلوچستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مؤثر اور بروقت معاونت نے اس کامیاب کارروائی میں کلیدی کردار ادا کیا۔




