سرگودھا (بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے تمام انتظامی محکموں کے سربراہان کو کہ ای بز پورٹل پر موصول ہونے والی تمام درخواستوں کو ہر صورت پانچ یوم کے اندر نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل میں درخواست دہندگان سے کسی قسم کا فزیکل رابطہ نہ رکھا جائے بلکہ تمام سہولت گھر بیٹھے فراہم کی جائے۔ انہوں نے یہ ہدایات ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ، چاروں اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز جنرل/ فوکل پرسن اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ای بز پورٹل کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا اور سرکاری دفاتر کے چکر ختم کرنا ہے، لہٰذا درخواستوں کو کم سے کم وقت میں مکمل شفافیت کے ساتھ نمٹایا جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ کسی بھی مرحلے پر کسی اہلکار کا درخواست گزار سے براہ راست رابطہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ محکموں کے فوکل پرسنز کے فوری اجلاس بلا کر ان ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ دفاتر میں آگاہی ڈیسک فعال رکھے جائیں تاکہ شہریوں کو ای بز پورٹل کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی جا سکے۔




