سرگودہا(بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت عوام کو دہلیز پر معیاری علاج کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کے سرکاری ہسپتالوں کے معائنے جاری ہیں۔ پیر کے روز کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھاگٹانوالہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایمرجنسی سمیت مختلف وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ کمشنر نے زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی اور علاج معالجے، ادویات کی دستیابی اور عملے کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے ہسپتال میں مشینری کے فعال ہونے اور فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ کمشنر نے لیبارٹری، ڈینٹل یونٹ، ایکسرے یونٹ، ویٹنگ ایریا اور سٹور کا معائنہ کرتے ہوئے ادویات کے سٹاک کی جانچ پڑتال کی۔




