فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مختلف کھیلوں کی وسیع وجدید سہولتوں کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں اس سلسلے میں ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس کے قابل ستائش منصوبے کو شہریوں کیلئے مزید پرکشش بنائیں گے ۔ انہوں نے یہ بات ایف ڈی اے سٹی سرگودھا روڈ کے دورہ کے دوران سپورٹس کمپلیکس اور ڈویژنل پبلک سکول کی زیر تعمیر عمارت کی پیش رفت کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کمشنر فیصل آباد کو ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس کے تکمیلی مراحل، ان ڈور گیمز کی دستیاب سہولیات، نمایاں خصوصیات، مزید ترقی کے منصوبوں اور بعض درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈنیٹر عامر رضا ، چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب، پراجیکٹ ڈائریکٹر سہیل مقصود پنوں ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس کے مختلف حصوں کا تفصیلی دورہ کیا۔




