گریپ فروٹ کے فوائد

کراچی (بیوروچیف)چکوترہ یا گریپ فروٹ کم کیلوریز والا پھل صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے۔تحقیقی رپورٹس میں اس پھل کے متعدد فوائد ثابت ہوچکے ہیں اور اسے چند بہترین ترش پھلوں میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔گریپ فروٹ میں غذائی اجزا کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے، خاص طور پر فائبر، 15 سے زیادہ وٹامنز اور منرلز اسے کھانے سے جسم کا حصہ بنتے ہیں۔آدھے گریپ فروٹ کو کھانے سے 52 کیلوریز، 13 گرام کاربوہائیڈریٹس، ایک گرام پروٹین، 3 گرام فائبر، وٹامن سی، وٹامن اے، پوٹاشیم، فولیٹ، میگنیشم اور Thiamine جیسے اجزا جسم کا حصہ بنتے ہیں۔اس سے ہٹ کر کئی طاقتور کیمیائی مرکبات بھی اس پھل میں موجود ہوتے ہیں۔گریپ فروٹ کو اکثر کھانے سے مدافعتی نظام بھی مضبوط ہوتا ہے۔اس میں وٹامن سی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے اور اس وٹامن کی اینٹی آکسائیڈنٹ خصوصیات خلیات کو نقصان دہ بیکٹیریا اور وائرسز سے تحفظ فراہم کرتی ہیں۔اسی طرح گریپ فروٹ میں موجود دیگر وٹامنز اور منرلز سے بھی مدافتی نظام کو فائدہ ہوتا ہے، جیسے وٹامن اے سے جسمانی ورم میں کمی آتی ہے اور متعدد متعدی امراض سے تحفظ ملتا ہے۔اس پھل میں بی وٹامنز، آئرن، زنک اور کاپر جیسے اجزا بھی کچھ مقدار میں موجود ہوتے ہیں اور یہ سب مدافعتی افعال کے لیے اہم ہوتے ہیں۔گریپ فروٹ کھانے سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ دن یا رات کو کھانے سے قبل آدھا گریپ فروٹ کھانے سے 12 ہفتوں میں جسمانی وزن میں 2 کلو کے قریب کمی آتی ہے۔البتہ گریپ فروٹ کے جوس سے یہ فائدہ نہیں ہوتا اور اگر آپ ادویات استعمال کر رہے ہیں تو اس پھل کو ڈاکٹر کے مشورے سے ہی استعمال کریں۔گریپ فروٹ کو اکثر کھانے سے انسولین کی مزاحمت کی روک تھام ہوتی ہے اور ذیایبطس سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔انسولین کی مزاحمت اس وقت ہوتی ہے جب خلیات انسولین پر ردعمل ظاہر کرنے سے قاصر ہو جاتے ہیں۔انسولین ایک ہارمون ہے جو جسم کے متعدد افعال کے لیے ضروری ہوتا ہے، خاص طور پر بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے کے لیے اہم ہوتا ہے۔انسولین کی مزاحمت سے خون میں انسولین اور بلڈ شوگر کی سطح بڑھتی ہے اور یہ دونوں ذیابیطس ٹائپ 2 کا باعث بننے والے اہم عناصر ہیں۔گریپ فروٹ کھانے سے انسولین کی سطح کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد ملتی ہے جس سے انسولین کی مزاحمت کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔اس پھل کو کھانے سے دل کی صحت کو بھی فائدہ ہوتا ہے کیونکہ یہ بلڈ پریشر اور بلڈ کولیسٹرول جیسے مسائل کا خطرہ کم کرتا ہے۔تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا کہ گریپ فروٹ کھانے سے ہائی بلڈ پریشر کی سطح میں نمایاں کمی آتی ہے جس سے امراض قلب کا خطرہ بھی کم ہو جاتا ہے۔گریپ فروٹ میں ایسے اینٹی آکسائیڈنٹس موجود ہوتے ہیں جو جگر کو امراض سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔جانوروں پر ہونے والے تحقیقی کام میں دریافت کیا گیا کہ یہ پھل جگر کو انجری سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔تحقیقی رپورٹس میں یہ بھی ثابت ہوا کہ گریپ فروٹ میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس سے جگر کے ورم میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔ہمارا میٹابولزم اپنے افعال کے دوران مختلف قسم کا مواد بھی خارج کرتا ہے جن کو گردے پیشاب کے ذریعے خارج کر دیتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں