گوجرہ (نامہ نگار)لڑائی جھگڑے کے دو مختلف واقعات میںچادراور چار دیواری کا تقدس پامال کر کے خواتین کو تشدد کا نشانہ بنانے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے والے افراد کے خلاف قانو ن متحرک ہو گیا۔نیو پلاٹ گوجرہ کی طاہرہ نسرین زوجہ سلامت علی نے تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کراتے ہو ئے موقف اختیار کیاہے کہ وہ اپنی بیٹی کو سکول چھوڑ کر واپس گھر آئی تو چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہو ئے وقاص وغیرہ تین افراد اس کے گھر میںزبردستی گھس گئے اور اس کی بیٹیوں کو مارپیٹ کر نا شروع کر دیاملزمان کو ایسا کر نے سے منع کیا تو انہوں نے اسے بھی گالم گلوچ کر تے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔علاوہ ازیں دستگیر کالونی میں ثناء ابرارنے مقدمہ درج کراتے ہو ئے موقف اختیار کیاہے کہ اسکے گھر میں رانا ناصر وغیرہ زبردستی داخل ہوئے اور اس کو اس کی والدہ سمیت تشددکا نشانہ بناتے ہو ئے گلی میں گھسیٹتے رہے اور ان کے کپڑے پھاڑ دئیے ملزمان جان سے مار دینے کی دھمکیاں دیتے رہے ۔ شور واویلہ سن کر بعض افرادموقع پر جمع ہو گئے جنہوں نے ملزمان کی منت سماجت کر کے انکی جان چھڑائی اور ملزمان موقع سے فرارہوگئے۔




