ہر پاکستانی3لاکھ2ہزار روپے کا مقروض ہے

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسرمحبوب الزماںبٹ نے گزشتہ تین برسوں میں 29لاکھ پاکستانیوں کا بیرون ملک منتقل ہوجانے کو ملک میں امن اور معاشی ترقی کی دعویدارحکومت کیلئے لمحہ فکریہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول گیس کوئلہ اورزراعت سمیت قدرتی دولت سے مالا مال اورایٹمی طاقت کے حامل ملک کے عوام پینے کے صاف پانی صحت تعلیم جیسی بنیادی سہولیات سے محروم اورمٹھی بھراشرافیہ کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق موجودہ حکومت کے پہلے 16 ماہ میں قرضوں میں 13 ہزار 78 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔44فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، ہر پاکستانی 3 لاکھ 2 ہزار روپے کا مقروض ہے،آئی ایم ایف کے فرمائشی پروگرم پرعمل کرتے ہوئے بجلی گیس پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربااضافہ ٹیکسوں کی بھرمار کرکے عوام کی زندگی تنگ کردی گئی ہے۔چینی آٹا دالیں گوشت سمیت روزمرہاشیائے خورنوش عام آدمی کے دسترس سے دور ہوتے جارہے ہیں۔ غریب آدمی کا اپنا اوراپنے بچوں کا پیٹ پالنا بھی مشکل ہوچکا ہے دوسری جانب حکمرانوں وبیروکریسی کی مفت خوری اور شاہانہ طرز زندگی ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عام آدمی کا معیارزندگی بہتربنانے کے لیے کرپشن فری اقدامات کے ساتھ سودی نظام معیشت،وی آئی پی کلچرکا خاتمہ،عدل وانصاف کے نظام کا قیام اورکفایت شعاری وسادگی کی پالیسی اپنائے تاکہ عام آدمی کوئی سکھ کا سانس لے سکے۔#

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں