ہشتم کا سابقہ امتحانی فارمیٹ برقرار

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں طلبہ کے امتحانی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور امتحانی دبا کم کرنے کے لیے مرحلہ وار تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں رواں تعلیمی سال پانچویں جماعت کے طلبہ کی پیکٹا (PECTAA) اسیسمنٹ لی جائے گی، جبکہ آئندہ سال سے پانچویں جماعت کے لیے باقاعدہ امتحانی نظام متعارف کرایا جائے گا۔تعلیمی حکام کے مطابق امتحانی نظام میں تبدیلی کا بنیادی مقصد طلبہ کو اچانک امتحانی دباؤ میں ڈالنے کے بجائے بتدریج نئے نظام سے ہم آہنگ کرنا ہے تاکہ بچوں کی تعلیمی استعداد اور سیکھنے کے عمل کو بہتر بنایا جا سکے۔دوسری جانب آٹھویں جماعت کا پیکٹا امتحان چار اہم مضامین میں لیا جائے گا، جس کے لیے گزشتہ سال کا امتحانی فارمیٹ ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ امتحانی عمل کو مزید شفاف بنانے کے لیے تمام سوالات کی جانچ آن لائن اسکرین مارکنگ سسٹم کے ذریعے کی جائے گی۔نئے نظام کے تحت طلبہ اپنے اسٹوڈنٹ آئی ڈی کے ذریعے اپنے حل شدہ پیپرز کی آن لائن جانچ بھی دوبارہ کروا سکیں گے، جس سے مارکنگ کے عمل میں شفافیت، میرٹ اور جوابدہی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔تعلیمی حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے مثر استعمال سے امتحانی نظام کو زیادہ شفاف، قابل اعتماد اور سہل بنایا جا رہا ہے، تاکہ ہر طالب علم کو اس کی محنت کے مطابق درست نتائج مل سکیں اور امتحانات میں انسانی مداخلت اور غلطیوں کے امکانات کم کیے جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں