یکم اکتوبر کو انسداد ڈینگی ڈے منایا جائے گا

سرگودہا (بیورچیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی ہدایت پر یکم اکتوبر بروز بدھ سرگودہا ڈویژن کے تمام اضلاع میں انسداد ڈینگی ڈے منایا جائیگا۔ اس دن مختلف آگاہی و عملی سرگر میوں کے ذریعے شہریوں کو ڈینگی سے بچاواور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جائے گا۔ انسداد ڈینگی ڈے کے موقع پر تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کے تعاون سے خصوصی پروگرام ترتیب دیے جائیں گے۔ ان سرگرمیو ں میں ضلع اور تحصیل کی سطح پر سیمینارز، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے آگاہی مہم، انسداد ڈینگی وارڈز اور ہائی ڈپینڈنسی یونٹس کی جانچ پڑتال، قبرستانوں، کباڑ خانوں، تعمیراتی مقامات، پودوں کی نرسریوں، ٹائر شاپس اور پٹرول پمپس سمیت دیگر جگہوں پر لاروا کی نگرانی شامل ہوگی۔ اسی طرح سرکاری عمارتوں خصوصاً چھتوں پر صفائی اور ممکنہ ڈینگی افزائش مقامات کا خاتمہ بھی یقینی بنایا جائے گا۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز سرگودہا ڈویژن ڈاکٹر رانا محمد ریاض نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی ڈے کو بھرپور انداز میں منانا ناگزیر ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ شعور دیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں