لاہور (بیوروچیف) لاہور میں 20کروڑ روپے کی لاگت سے 100سرکاری سکولوں کے لیے لائبریری آن ویل منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔ منصوبے کا باقاعدہ افتتاح وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز آئندہ چند روز میں کریں گی۔منصوبے کے تحت لاہور کی پانچوں تحصیلوں میں قائم 20،20 سکولوں کو لائبریری آن ویل کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس کا مقصد طلبہ میں کتابیں پڑھنے کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔حکام کے مطابق لائبریری آن ویل میں درسی کتب کے ساتھ ساتھ آن لائن کتابیں بھی دستیاب ہوں گی تاکہ طلبہ جدید تعلیمی وسائل سے بھی استفادہ کر سکیں۔منصوبے کے تحت ہر لائبریری آن ویل روزانہ دو، دو سکولوں کا دورہ کرے گی اور طلبہ کو کتابوں تک آسان رسائی فراہم کرے گی۔




