اسلام آباد (بیوروچیف) وزارت اقتصادی امور کے مطابق پاکستان کو موصول ہونیوالی بیرونی فنڈنگ میں 93فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔وزارت اقتصادی امور نے بیرونی فنڈنگ سے متعلق رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق پاکستان کو اگست 2025میں سالانہ بنیادوں پر 151فیصد زیادہ بیرونی فنڈنگ موصول ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق جولائی اوراگست میں مجموعی بیرونی فنڈنگ میں93فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔وزارت اقتصادی امور کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو اگست میں67کروڑ98 لاکھ ڈالرز کی بیرونی فنڈنگ موصول ہوئی جبکہ گزشتہ سال اگست میں 27کروڑ ڈالرزکی بیرو نی فنڈنگ ملی تھی۔رپورٹ کے مطابق جولائی، اگست میں بیرونی فنڈنگ کاحجم ایک ارب 37 کروڑ 74لاکھ ڈالرز رہا جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں بیرونی فنڈنگ کی مد میں71کروڑ 47لاکھ ڈالرز موصول ہوئے تھے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان نے جولائی، اگست کی مدت میں ایک ارب 34کروڑ 49لاکھ ڈالرزکا غیر ملکی قرضہ لیا جبکہ اسی عرصے کے دوران 3کروڑ 24 لاکھ ڈالرزکی گرانٹس بھی موصول ہوئیں۔ وز ا ر ت اقتصادی امور کی رپورٹ کے مطا بق وفاقی حکومت کارواں مالی سال 19ارب 77 کروڑ ڈالرز سے زائدکی بیرونی فنانسنگ کا تخمینہ ہے۔




