سال نو کے آغاز پر منچلوں کی ہلڑ بازی،شہر ہوائی فائرنگ سے گونج اٹھا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سال نو کے موقع پر منچلے نوجوانوں کی ہلڑبازی’ آتش بازی اور ہوائی فائرنگ سے شہر گونج اُٹھا’ منچلے نوجوانوں کی ون ویلنگ کے دوران پولیس سے آنکھ مچولی’ کوہ نور سمیت دیگر علاقوں میں پولیس کا منچلے نوجوانوں پر لاٹھی چارج’ متعدد نوجوان گرفتار کر لئے گئے۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ شب 12بجتے ہی منچلے نوجوان سال نو کے آغاز ہوتے ہی کاروں’ موٹرسائیکلوں پر روڈ پر نکل آئے’ جبکہ شہر کے اکثر علاقوں میں شہریوں کی طرف سے گھروں کی چھتوں پر چڑھ کر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کرتے رہے۔ پولیس کی طرف سے سال نو کے آغاز پر ہلڑبازی کرنے والوں کیخلاف کریک ڈائون بھی کیا گیا۔ کوہ نور کے قریب منچلے نوجوانوں کا رش لگ گیا، موٹرسائیکلوں کے سلنسر سے بانسری نکال کر گھومنے والوں پر پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے متعدد نوجوانوں کو پکڑ لیا اور کئی نوجوانوں کو بھاری نذرانے لینے کے بعد رہا کر دیا گیا جبکہ شہر کی شاہراہوں کینال روڈ’ جڑانوالہ روڈ سمیت مختلف شاہراہوں پر ون ویلنگ کرنے والوں کی پولیس سے آنکھ مچولی جاری رہی۔ تاہم ٹریفک پولیس نے بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے بعض ون ویلر کو پکڑ کر حوالات میں بند کروا دیا۔ علاوہ ازیں ریئس زادوں نے شہر کے مختلف ہوٹلز میں پہلے ہی ٹیبل بک کروا رکھے تھے اور رات بارہ بجتے ہی سال نو کے کیک کاٹتے ہوئے ہلہ گلہ کرتے رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں