DHQہسپتال ایمرجنسی وارڈ میں ادویات کی کمی،مریض خوار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) الائیڈ ٹو ڈی ایچ کیو ہسپتال فیصل آباد کی ایمرجنسی سرجیکل وارڈ میں بھی ادویات کا فقدان’ آپریشن کے دوران جگہ کو ”سن” کرنیوالے انجکشن’ گرے بینڈیچ سمیت متعدد ادویات کی عدم دستیابی پر مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا’ ہسپتال انتظامیہ نے چپ سادھ لی۔ بتایا جاتا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی شدید کمی ہے۔ علاج معالجہ کیلئے آنیوالے مریضوں کو آئوٹ ڈور میں اکثر ادویات دستیاب نہیں ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ایمرجنسی کی سرجیکل وارڈ میں بھی جان بچانے والی ادویات کی بھی شدید کمی کا سامنا ہے اور یہاں پر حادثات’ لڑائی جھگڑوں کے دوران آنے والے مریضوں کو علاج معالجہ کے دوران آپریشن کرنے اور کٹے ہوئے حصوں کو ٹانگے لگانے سے پہلے جگہ کو ”سن” کرنے کیلئے جو انجکشن لگایا جاتا ہے وہ دستیاب نہیں جسکی وجہ سے ڈاکٹر بغیر انجکشن لگائے شدید تکلیف میں مریضوں کو ٹانکے لگا رہے ہیں یا پھر مریضوں کو کہا جاتا ہے کہ وہ باہر سے انجکشن لیکر آئیں، اسکے ساتھ ساتھ مزید گرم پٹی (گرے بینڈیچ) سمیت کئی ادویات دستیاب نہ ہونے پر مریضوں ڈاکٹروں کے جھگڑے بھی معمول بن گئے ہیں جبکہ ہسپتال انتظامیہ نے ایمرجنسی وارڈز میں ادویات کی عدم فراہمی پر چپ سادھ رکھی ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ادویات کی فراہمی کیلئے حکومت پنجاب کو لیٹر لکھ دیا ہے ادویات کے آتے ہی فراہمی شروع کر دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں