ساہیوال میں مضر صحت کھانے اور کیمیکل ملے دودھ کی فروخت

ساہیوال(بیوروچیف) عوامی صحت سے کھلواڑ، ساہیوال میں مضر صحت کھانے اور کیمیکل سے تیار کردہ دودھ کی فروخت۔ساہیوال کے مختلف علاقہ جات چرچ روڈ، اڈا مائی والی مسجد، جوگی چوک،ریلوے روڈ،گول چکر اور دیگر علاقوں میں واقع ہوٹلز اور دودھ دہی کی دوکانوں کے حوالے سے ایک تشویشناک صورتحال سامنے آئی ہے، جہاں مضر صحت کھانے اور کیمیکل سے تیار کردہ دودھ کی فروخت جاری ہے۔ یہ غیر معیاری اور انسانی صحت کے لیے خطرناک اشیاء نہ صرف عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہی ہیں بلکہ قانون اور اخلاقیات کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کا قیام عوام کو محفوظ اور صحت مند خوراک فراہم کرنے کے مقصد سے ہوا تھا، لیکن یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ متعلقہ ادارے ان مافیا کے خلاف کارروائی کرنے میں کیوں ناکام ہیں؟ کیا قانون پر عمل درآمد کے لیے کسی بڑے نقصان یا حادثے کا انتظار کیا جا رہا ہے؟کیمیکل سے تیار کردہ دودھ اور غیر معیاری کھانے کی اشیاء نہ صرف بیماریوں کو جنم دیتی ہیں بلکہ بچوں اور بزرگوں کی صحت پر بھی مہلک اثرات ڈال سکتی ہیں۔ عوام کو بنیادی صحت کے حقوق سے محروم کرنا ایک سنگین جرم ہے، اور اس جرم کے مرتکب افراد کیخلاف سخت قانونی کارروائی ضروری ہے۔عوامی و سماجی حلقوں کی پنجاب فوڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں سے گزارش ہے کہ فوری طور پر ان مضر صحت اشیاء کی فروخت روکنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں