فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی)’ بینکنگ سروسز کارپوریشن (بی ایس سی)فیصل آباد کی جانب سے پروفیشنلز اور سرکاری ملازمین میں اسلامی بینکاری کے حوالے سے آگاہی اور فہم و ادراک کو فروغ دینے کی جاری کاوشوں کے سلسلے میں گورنمنٹ گریجویٹ کالج عبداللہ پور فیصل آباد کے پروفیسرز، لیکچررز، اساتذہ اور کلریکل اسٹاف کیلئے اسلامی بینکاری و مالیات کے موضوع پر آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن کا مقصد شرکا ء کو اسلامی بینکاری کے بنیادی اصولوں اور عملی طریقہ کار سے روشناس کرانے کے ساتھ ساتھ اسلامی بینکاری سے متعلق عام تصورات، غلط فہمیوں اور شکوک و شبہات کو دور کرنا تھا۔سیشن کی قیادت احمد بلال عارف، ڈویژنل ہیڈ، فنانشل انکلوژن سپورٹ ڈویژن، ایس بی پی بی ایس سی فیصل آباد نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ شعیب منیر، سینئر آفیسر، اور محترمہ سعدیہ علی، آفیسر بھی موجود تھیں۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب، پرنسپل، گورنمنٹ گریجویٹ کالج عبداللہ پور نے سیشن کی میزبانی کرتے ہوئے اسلامی بینکاری کے فروغ اور عوام میں شریعہ سے ہم آہنگ مالیاتی خدمات کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر مفتی عبدالباسط، شریعہ اسکالر، میزان بینک نے اسلامی بینکاری کے حوالے سے تفصیلی اور جامع گفتگو کی۔




