فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چیئر مین انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی (انصاف گروپ) رانا طیب خا ں ، صدر حاجی منظور قادر،سر پرست اعلیٰ حاجی سردار محمد،وائس چیئر مین شیخ محسن خالد، سیکرٹری فنانس عبدالحسیب پراچہ، جوائنٹ سیکر ٹری عبید اللہ جٹ، سیکر ٹری نشرو اشاعت رانا زبیر اوردیگر نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر سخت تنقید کرتے ہوئے وزیر اعظم سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیے گئے اضافے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیراعظم کے پانچ سالہ معاشی پلان اڑان پاکستان کے اعلان کے فوری بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ وزیراعظم کے معاشی وژن کے خلاف ہے، جس سے معاشی سرگرمیاں متاثر ہونگے، وزیراعظم فوری نوٹس لیں اور قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف تحقیقات کرائیں۔ اس سے خاص طور پر درمیانے اور چھوٹے درجے کے تاجر متاثر ہورہے ہیں، جو پہلے ہی کافی مشکلات کا شکار ہیں۔ انھوں نے حکومت سے اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی پالیسی اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔




