فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پی پی 114کے امیرڈاکٹربشیراحمدصدیقی نے جان بچانے والے ادویات کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کے باوجود مارکیٹ سے غائب ہونے پر شدیدتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی بی، بلڈپریشر،شوگر اوردل کے امراض، انسولین سمیت 55 فیصد سے زائد ادویات مارکیٹ سے غائب ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اگر کسی جگہ سے ادویات دستیاب ہیں بھی تو ان کی قیمتوں میں ہوشر با اضافہ ہو چکا ہے۔پنجاب بھر میں ادویات ساز کمپنیوں کی ملی بھگت سے بلیک مارکیٹنگ کی جارہی ہے۔ حکومت کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی مجرمانہ غفلت کے باعث عوام کو ادویات ساز کمپنیوں کو رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جو انہیں دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہیں۔ جان بچانے والی ادویات کی خریدبھی عوام کی پہنچ سے دورہو چکی ہے۔ گورنمنٹ سپلائی میں جو پروڈکٹ 100 روپے میں مل جاتی ہے وہی پروڈکٹ عام میڈیکل اسٹور پر 1500 روپے تک فروخت ہو رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک میں ادویات کا معیار بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ارزاں نرخوں پر دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے۔




