صحافیوں کو انکے حقوق دلانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائینگے،شاہد علی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کا پہلا اجلاس زیر صدارت صدر شاہد علی منعقد ہوا۔ اجلاس میں کابینہ نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے اہم فیصلے کیے۔صدر شاہد علی نے اس سال کو “صحافی کالونی کے حصول کا سال” قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ صحافیوں کو ان کے حقوق دلوانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پریس کلب انسٹیٹیوٹ میں نئی کلاسز کا آغاز اسی ہفتے سے کر دیا جائے گا۔سیکرٹری عزادار حسین نے اجلاس کو بتایا کہ9 جنوری کو ممبران کے بچوں کے لیے سندباد میں ایک روزہ مفت جھولوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ مزید برآں، ہلال احمر ہسپتال کے ساتھ ایم او یو سائن کیا گیا ہے، جس کے تحت ممبران کے لیے مفت طبی سہولیات اور مفت کمرہ فراہم کیا جائے گا۔ اخوت فائونڈیشن کے ساتھ بھی معاہدہ کیا جا رہا ہے، جس میں ممبران کے بچوں کو تعلیمی وظائف دیے جائیں گے۔صدر شاہد علی نے مزید کہا کہ وہ ان سینئر صحافیوں کے لیے اعزازیہ مختص کرنے کی کوشش کریں گے جنہوں نے کم از کم بیس سال شعبہ صحافت میں خدمات انجام دی ہیں۔ سینئر نائب صدر جی اے تنویر نے کہا کہ صحافی کالونی کے حوالے سے ماضی میں بھی کام ہوا ہے، لیکن اس سال اس جدوجہد کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہوگی۔اجلاس میں نو منتخب کابینہ کے عہدیداران نے اپنا تعارف کروایا اور فیصل آباد پریس کلب کے ممبران کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔اجلاس میں نائب صدور ظفران سرور، ردا سندھو، فنانس سیکرٹری شوکت ملک، جوائنٹ سیکرٹریز ندیم جاویدانی، اورنگزیب ملک، اور ایگزیکٹو ممبران افشاں بتول، نعیم شاکر، رانا حنا جمیل، رفعت انور، شاہد محمود، کمال بٹ، رانا محسن فاروق، ارشد انصاری، سعید طاہر، توفیق یوسف، علی رضا، ملک نادر مان، اور سلیم راجپوت نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں