FDAکا تجاوزات کے خلاف آپریشن

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹرجنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے بھاری مشینری کے ساتھ سخت ترین کارروائی کرتے ہوئے مدینہ ٹائون کے مختلف بازاروں سے عارضی و پختہ تجاوزات کا صفایا کردیا اور تجاوزات میں ملوث تیس دکانداروں کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کو بھجوادیئے۔ تفصیلات کے مطابق بعض عوامی شکایات پر ڈی جی ایف ڈی اے نے متعلقہ شعبے کو مدینہ ٹائون سے تجاوزات کو زیرو کرنے کی ہدایت جاری کیں جس پر ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر میاں قمر شہزاد کی سربراہی میں انسپکٹر اسلم انصاری،اسلم گجر اوردیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے مدینہ ٹائون میں بسم اللہ چوک، جٹانوالاچوک، مین سوساں روڈ، ایس ایس آر اور آئی ایس آر روڈز پر بھاری مشینری کے ساتھ آپریشن کرکے دکانداروں کی طرف سے سرکاری جگہ پر تعمیر کئے تھڑوں، کائونٹرز اوردیگر عارضی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا اور تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان قبضہ میں لیکر تیس دکانداروں کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیئے۔دکانداروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ سرکاری جگہوں پر قبضہ جمانے اور عوامی راستوں کو روکنے سے اجتناب کریں بصورت دیگر باز نہ آنے کی صورت میں تجاوزات میں ملوث قانون شکن افراد کو حوالہ پولیس کیا جائیگا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا ہے کہ ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں تجاوزات کو زیرو کرنے کی بھرپور مہم جاری ہے لہذا تجاوزات کو رضاکارانہ طور پر فوری ختم کر دیا جائے وگرنہ وہ کسی قسم کے نقصان کے خود ذمہ دار ہوں گے اور قصوروار دکانداروں کو قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں