FDAکا تجاوزات کیخلاف بھرپور آپریشن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن تسلسل کے ساتھ جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے پولیس فورس اور بھاری مشینری کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے گلفشاں کالونی جھنگ روڈ کی کمرشل مارکیٹ میں پختہ تجاوزات کو مسمار کرکے عوامی راستوں کو صاف کر دیا اور قصوروار دکانداروں کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی ایف ڈی اے کی طرف سے تفویض کردہ اہداف کے مطابق ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر میاں قمر شہزاد کی سربراہی میں انسپکٹرز اسلم انصاری، ثنااللہ اور دیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے جھنگ روڈ پر گلفشاں کالونی کی کمرشل مارکیٹ کو چیک کیا تو وہاں بعض دکانداروں کی طرف سے پختہ تھڑے اور کائونٹرز بنا کر عوامی راستوں کو روکا ہوا تھا جن کی باعث ٹریفک کی روانی میں مشکلات پیش آ رہی تھیں لہذا بھاری مشینری کے ساتھ آپریشن کرتے ہوئے ناجائز تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا اور وہاں سے تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان قبضہ میں لے کر قصوروار دکانداروں کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیئے۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ دکاندار اپنی حدود کے اندر کاروبار کریں اور عارضی و پختہ تجاوزات قائم کرنے سے اجتناب کیا جائے بصورت دیگر باز نہ آنے والوں کو حوالہ پولیس کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں