ٹوبہ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں،4من مضر صحت گوشت تلف

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں خوراک میں جعلسازی اور ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی خصوصی ہدایات پر ایڈیشنل ڈائریکٹر(آپریشنز) فیصل آباد ڈویڑن طارق محمود گل نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ کیا اور ڈپٹی ڈائریکٹر یاسر مشتاق کے ساتھ گرینڈ آپریشن کی قیادت کی۔ اس دوران مردہ اور لاغر جانوروں کا گوشت فروخت کرنیوالے شخص کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے 4 من مضر صحت گوشت تلف کر دیا گیا۔ غلہ منڈی گوجرہ میں نمک یونٹ کی لیب رپورٹ فیل ہونے پر 1534 کلو غیر معیاری نمک موقع پر ہی تلف کر کے ایف آئی آر درج کی گئی۔ جھنگ روڈ پر واقع ایک سویاں پروڈکشن یونٹ پر قوانین کی خلاف ورزی اور غیر معیاری اشیاکے استعمال پر پروڈکشن اصلاح تک یونٹ کو بند کر دیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر طارق محمود گل نے کہا کہ بیماریوں میں مبتلا کرنیوالے اجزاکے خوراک میں استعمال پر سخت پابندی ہے اور صحت دشمن عناصر کیخلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔ تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں