ٹوبہ میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے ،اے سی علی سمیر

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں ضلع بھر میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن تیسرے دن بھی کامیابی سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی ہدایات پر آپریشن کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا گیا ہے، اور مختلف اہم شاہراہوں اور علاقوں کو شامل کیا گیا ہے، جن میں جھنگ روڈ، گوجرہ روڈ، شورکوٹ روڈ، منڈی روڈ، اور رجانہ روڈ شامل ہیں۔اس آپریشن کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ علی سمیر کر رہے ہیں، جبکہ میونسپل کمیٹی اور ضلع کونسل کا عملہ بھی بھرپور تعاون فراہم کر رہا ہے۔ اس موقع پر سپریڈنٹ ضلع کونسل ، انفورسمنٹ آفیسر اور انکروچمنٹ آفیسر میونسپل کمیٹی بھی موجود ہیں۔ آپریشن کے دوران نہ صرف تجاوزات کو ختم کیا جا رہا ہے بلکہ نکاسی آب کے مسائل کو حل کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ان شاہراہوں پر نکاسی آب کے لیے بنائے گئے بند نالوں کو دوبارہ کھولا جا رہا ہے، جو تجاوزات کی وجہ سے بند ہو چکے تھے۔ یہ اقدام بارش کے دنوں میں نکاسی آب کے مسائل کو ختم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔اسسٹنٹ کمشنر علی سمیر نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات سے عوام کو سہولت ملے گی اور شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنایا جائے گا۔شہریوں نے تجاوزات کے خاتمے اور نکاسی آب کے مسائل کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں