ہائوسنگ سکیموں کے قیام کیلئے قانونی دائرے میں رہیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہاہے کہ پرائیویٹ ہائوسنگ سکیموں کے قیام کیلئے بھرپور محکمانہ معاونت کیلئے پرعزم ہیں تاہم اس ضمن میں پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پرائیویٹ ہائوسنگ سکیمز ایکٹ کی پابندی ناگزیر ہے لہذا ہائوسنگ سکیموں کو قانون دائرے میں لاکر منظم اور باضابطہ ٹان پلاننگ کو یقینی بنایاجائیگا۔انہوں نے یہ بات لینڈ ڈویلپرز کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں ستیانہ روڈ پر قائم 27 ہائوسنگ سکیموں کے ڈویلپرز اور ان کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف ڈی اے یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر ٹان پلاننگ اسما محسن ودیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل نے لینڈ ڈویلپرز کو متعلقہ قوانین،قواعد و ضوابط اور حکومت پنجاب کی پالیسی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہائوسنگ سکیموں کے قیام کیلئے قانونی دائرے میں رہیں بصورت دیگر ایف ڈی اے کی طر ف سے جاری آپریشن کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ نادھندہ ڈویلپرز اپنے ذمہ بقایاجات کی فوری ادائیگی کریں تاکہ وہ تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار اور دفاتر کو سیل کرنے کی کارروائیوں سے بچ سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے کی سروسز کے معیار میں بہتری کیلئے جدید اصلاحات کی گئی ہیں اور ہائوسنگ سکیموں کے قیام کی منظوری سے متعلق موصول شدہ درخواستوں پر تیز رفتاری سے محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اس سلسلے میں ڈویلپرز کوچاہئے کہ وہ درکار محکمانہ تقاضوں اور قانونی شرائط کو پور ا کرنے میں تاخیر نہ کریں۔ میٹنگ کے دوران نادھندہ ڈویلپرز کو انکے ذمہ بقایاجات کی فہرست فراہم کرکے تاکید کی گئی کہ وہ جلد ادائیگی کا بندوبست کریں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ ہائوسنگ سیکٹر کی ترقی پر پختہ یقین رکھتے ہیں اور حکومت پنجاب کی ہدیات کی روشنی میں لینڈ ڈویلپرز کو ہرممکن سہولیات و آسانیاں فراہم کی جا رہی ہیں اس سلسلے میں بزنس فسیلیٹیشن سنٹر، ون ونڈو کانٹر اور خدمت مرکز کے ذریعے موصول ہونیوالی درخواست پر تیز رفتار ریلیف فراہم کیاجارہاہے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے ڈویلپرز کے مسائل سنتے ہوئے کہا کہ مقامی محکمہ مال سے این او سی کے اجرا میں تاخیر، 40سے 240کنال رقبہ کی ہائوسنگ سکیموں کے لئے غیر قانونی ڈویلپمنٹ کے جرمانوں کی ایک ہی سلیب کے بارے میں اعتراض کو متعلقہ فورم کے نوٹس میں لانے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ درپیش مسائل سے آگاہ کرتے رہا کریں۔ اس موقع پر نادھندہ ڈویلپرز نے ایک ہفتہ کے اندربقایاجات جمع کرانے کی یقین دہانی کرائی اور انکے مسائل سننے پر ڈی جی ایف ڈی اے کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں ڈویلپرز چوہدری یاسین، رانا شوکت، عدنان خالق و دیگر شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں