ڈاکوؤں نے بیوپاری کو باندھ کر18بکرے چھین لئے،مزاحمت پر پیزا بوائے کوگولی ماردی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اتھرے ڈاکوئوں نے مزاحمت پر پیزا ڈلیوری بوائے کو گولی مار کر لہولہان کر دیا’ مسلح ڈاکوئوں نے بیوپاری کو باندھ کر لاکھوں کے 18بکرے چھین لئے جبکہ سرراہ ڈاکوئوں نے جھپٹا مار کر 5خواتین سے پرس چھین کر فرار ہو گئے، پولیس ناکہ بندیوں کے باوجود ڈاکوئوں کے گروہوں کا سراغ نہ لگا سکی۔ تفصیل کے مطابق گلبرگ کے علاقہ پیزا ڈلیوری بوائے محمد علی آرڈر لیکر میلاد روڈ پر جا رہا تھا کہ راستے میں مسلح ڈاکوئوں نے روک کر پیزا’ نقدی اور فون چھین لیا اور مزاحمت کرنے پر گولی مار کر بری طرح زخمی کر دیا، مضروب کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال داخل کروا دیا گیا جبکہ تھانہ صدر کے علاقہ 221 رب کے رہائشی بیوپاری زبیر نے بتایا کہ وہ اپنی حویلی میں سویا ہوا تھا کہ چار مسلح ڈاکو حویلی میں داخل ہوئے اور گن پوائنٹ پر اسکو یرغمال بنا کر باندھ دیا اور لاکھوں روپے مالیت کے 18بکرے لوڈر رکشہ پر لوڈ کر کے فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں موٹرسائیکل سوار ڈاکوئوں کا گروہ سنت سنگھ والا پھاٹک کے قریب نسیم اختر’ ساحل ہسپتال کے قریب عمر رضا کی بیٹی’ ولید پارک عبداﷲ پور کے قریب شبیر حسین کی اہلیہ’ جڑانوالہ روڈ پر سدرہ اور غلام محمد آباد مین بازار سے فریدہ نامی خاتون سے پرس اور فون جھپٹا مار کر چھین لئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں