افغانستان ویمن کرکٹ ٹیم 3سال بعد ایکشن میں نظر آئے گی

میلبرن(سپورٹس نیوز)افغانستان کی ویمن کرکٹ ٹیم میلبورن کے جنکشن اوول میں تین سال بعد دوبارہ ایکشن میں نظرآئے گی۔افغان ویمن ٹیم نمائشی ٹی 20 میچ میں کرکٹ ود آؤٹ بارڈرز الیون کے مد مقابل آئے گی، یہ میچ ایم سی جی میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ویمنز ٹیموں کے ڈے اینڈ نائٹ ویمنز ایشز ٹیسٹ کے افتتاحی دن سے قبل کھیلا جائے گا۔یہ پہلا موقع ہے جب افغان ویمن ٹیم طالبان کے اقتدار کے بعد ملک چھوڑنے کے بعد ایک گروپ کے طور پر اکٹھی ہوئی ہے۔ ٹیم کے نصف ارکان کینبرا میں مقیم ہیں جبکہ باقی کھلاڑی میلبورن میں پناہ گزین کے طور پر آباد ہیں۔یہ نمائشی میچ نہ صرف خواتین کی کرکٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ افغان خواتین کے حقوق اور مساوی مواقع کے لیے جدوجہد کو بھی نمایاں کرتا ہے۔میلبورن میں افغانستان الیون کے میچ سے قبل ناہیدہ سپن اور فیروزہ امیری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ واقعی ہمارے لیے اہم ہے، خاص طور پر افغان خواتین کے لیے کیونکہ یہ تمام افغان خواتین کے لیے ایک بہت ہی تاریخی لمحہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس میچ سے بڑی امیدیں ہیں کیونکہ یہ میچ افغان خواتین کے لیے تعلیم، کھیل اور مستقبل کے لیے دروازے کھول سکتا ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ یہ ہمارا پہلا اور آخری میچ ہو، ہم مزید میچز چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم لاکھوں افغان خواتین کی نمائندگی کرنے جا رہے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں