تجاوزات کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل کرایا جائے،کمشنر سرگودھا کی ہدایت

سرگودہا (بیوروچیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں جاری انسداد تجاوزات آپریشن ، سوشیو اکنامک رجسٹری، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے صفائی آپریشن، دھی رانی پروگرام ، انسداد پولیو مہم اور جنگلات میں لکڑی کی چوری کی روک تھام بارے ڈپٹی کمشنرز نے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنرز نے بتایا کہ چھوٹے بڑے شہروں میں بازاروں اور بڑی شاہراہوں کی نشاندہی کر کے روزانہ کی بنیاد پر وزیراعلی پنجاب کے وڑن “تجاوزات سے پاک پنجاب” کے تحت آپریشن جاری ہے ۔تحصیل سطح پر ریڑھی بازار قائم کر کے جگہ جگہ لگی ریڑھیوں کو ایک جگہ منتقل کیا گیا ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ڈویڑن بھر میں پختہ تجاوزات کو مسمار اور دکانوں کے سامنے لگے فالتو شیڈز ہٹائے جا رہے ہیں۔ تحصیل سطح پر تاجروں اور انتظامی افسران پر مشتمل انسداد تجاوزات کمیٹیاں بھی بنائی جا رہی ہیں۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل کروایا جائے۔ تاجروں کو مائل کریں کہ وہ ازخود تجاوزات ختم کریں اورعدم تعاون کی صورت میں ان کیخلاف کارروائی کی جائے۔ ڈپٹی کمشنرز نے سوشیو اکنامک رجسٹری کے تحت رجسٹریشن، حاصل ہداف اور مستقبل کی منصوبہ بندی سے آگاہ کیا۔ ویسٹ مینجمنٹ کی آؤٹ سورسنگ بارے بریفنگ میں بتایا گیا کہ یکم فروری سے چاروں ضلع میں صفائی آپریشن شروع کیا جا رہا ہے۔ اس وقت تک کنٹریکٹرز افرادی قوت اور مشینری پوری کر لیں گے۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو کنٹریکٹرز کو متحرک کرنے کی زمہ داریاں تقویض کی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر رانا محمد ریاض نے 3 فروری سے شروع ہونے والی پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم کے انتظامات بارے اجلاس کو بتایا کہ مہم کے دوران ڈویژن بھر کے 16 لاکھ 39 ہزار 283 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں