سرگودھا ڈویژن میں انسداد پولیو مہم3فروری سے شروع ہوگی

سرگودہا (بیوروچیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے سرگودہا ڈویژن میں 3 فروری سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کی سو فیصد کامیابی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے اورکہا ہے کہ اس ضمن میں کسی قسم کی عدم توجہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ انسداد پولیو مہم کے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر نے سرگودہا ، خوشاب ، میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنروں ویڈیو لنک کے ذریعے مہم کے انتظامات پر بریفنگ لی۔کمشنر نے ہدایت کی کہ گزشتہ مہم کی خامیاں دور کرتے ہوئے ڈویژن میں پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کے لئے والدین کی آگاہی کیلئے تمام تر تشہری ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں تاکہ کوئی بچہ پولیو سے بچائوکے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے ٹرانزٹ پوائنٹس پر خصوصی فوکس کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خلاف یہ جنگ ہر صورت جیتنی ہے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیاکہ میانوالی کے بارڈرایریا کی یونین کونسلوں میں یکم اور 2 فروری کو خصوصی مہم کے تحت بچوں کو قطرے پلانے کا سو فیصد ہدف حاصل کیاجائیگا۔ پولیو ورکرز کی ٹریننگ مکمل کر لی گئی ہے۔ اپ ڈیٹڈ مائیکروپلان تشکیل دیے جا چکے ہیں۔ ویکسین کی وافر مقدار پہنچ چکی ہے جو کل سے ٹیموں کے حوالے کر دی جائیگی۔ 3سے 7 فروری تک جاری رہنے والی اس مہم کے دوران ڈویڑن کے چاروں اضلاع کے 16 لاکھ 39 ہزار 283 بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو مہم کی کامیابی کیلئے 7592 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر رانا محمد ریاض سمیت چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ، سی ای اوز اور ڈبلیو ایچ اوز کے نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں