کمشنر مریم خان نے انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)کمشنر مریم خان نے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاکے حفاظتی قطرے پلااور انگلیوں پر نشانات لگاکر انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ ڈویژن میں انسداد پولیو مہم3 فروری سے شروع ہوگی۔ضلع فیصل آباد میں مہم7 جبکہ جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ میں 5 روز تک جاری رہے گی۔مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے29 لاکھ13 ہزار120بچوں کو پولیو سے بچا کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے مجموعی طور پر10803ٹیمیں مامور ہونگی۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر عدنان محمود،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفند یار، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عظمت عباس ودیگر افسران بھی موجود تھے۔کمشنرنے کہا کہ وطن عزیز کو پولیو فری بنانا ترجیح ہے اور باربار مہم کو دہرانے کامقصد اس وائرس کا یکسر خاتمہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ والدین اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے ضرور پلوائیں اور گھر آنے والی پولیو ٹیموں سے تعاون کریں۔کمشنر نے کہا کہ مائیکروپلان پرذمہ داری سے عمل کیا جائے اور سابقہ تجربات کو مدنظر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ مہم کی دوہری مانیٹرنگ کی جائے گی اس ضمن میں غفلت یا لاپروائی کی کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے بس اڈوں، ریلوے اسٹیشنز،پارکس،موٹر وے انٹرچینجز سمیت دیگر فکسڈ پوائنٹس پر ٹیموں کی موجودگی کو یقینی بنانے کا حکم دیا اور پولیو ٹیموں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی بھی تاکیدکی۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسزنے مہم کے انتظامات پر بریفنگ دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں