ریڑھی چھابڑی ورکرز یونین کی احتجاجی ریلی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مقامی انتظامیہ اور ریڑھی چھابڑی ورکرز یونین کے نمائندوں کے درمیان 1992 میں ہونے والے معاہدے کی پاسداری کی جائے، ان خیالات کا اظہار مزدور کسان تحریک کے چیئرمین ملک عبدالمناف اعوان نے گزشتہ روز جھنگ بازار میں احتجاجی ریلی کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ق پنجاب کے جوائنٹ سیکرٹری مہر شوکت، انجمن ریڑھی چھابڑی کے صدر ملک غلام رسول، پاکستان ریڑھی چھابڑی کے صدر محمد افضل بلو پہلوان، اتحاد ریڑھی چھابڑی ورکرز یونین رجسٹرڈ کے جنرل سیکرٹری شیخ قاسم علی عرف اجی شاہ،محمد جاوید عرف جیدی،رانا اشرف اچھی،مزدور بچائو تحریک فیصل آباد کے صدر بائو محمد بخش اٹال اور دیگر بھی موجود تھے، احتجاجی ریلی جھنگ بازار اور غلہ منڈی سے ہوتی ہوئی کشمیر ہائوس ناظم آباد(رہائش گاہ چوہدری عابد شیر علی) اختتام پذیر ہوئی، ریلی کے شرکاء نے بینر اور کتبے اٹھا رکھے تھے جس پر مزدور بچائو اور ریڑھی چھابڑی ورکرز کو بے روزگار ہونے سے بچانے کے نعرے درج تھے ،شرکا نے مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ شہر سے تجاوزات کے خاتمے کی آڑ میں ریڑھی چھابڑی والوں کو بے روزگار ہونے سے بچایا جائے، سابق وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی اس معاملے پر خاموشی اختیار نہ کریں اور غریب مزدوروں کے چولہے ٹھنڈے ہونے سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا بھی یہی ویژن ہے کہ ریڑھی چھابڑی والوں کو بے روزگار نہ کیا جائے، ملک عبدالمناف اعوان نے کہا کہ تہہ بازاری کا ایک معاہدہ پہلے سے موجود ہے اس پر عملدرآمد کیا جائے تاکہ مزدور فاقہ کشی سے بچ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں