جعلی دستاویزات پر بیرون ملک سفر کرنیوالا مسافر گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف آئی اے امیگریشن نے جعلی دستاویزات پر بیرون ملک سفر کرنے والے مسافر کو پکڑ لیا، گرفتار مسافر کی شناخت محمد شہزاد عاصم کے نام سے ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ فیصل آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن ٹیم نے مشکوک مسافر کو روک کر بازپرس کی تو ملزم بین الاقوامی پرواز کے ذریعے یونان جا رہا تھا جبکہ ملزم کی طرف سے پیش کیا جانے والا یونان ریذیڈنٹ کارڈ جعلی نکلا اور پاسپورٹ پر بھی امیگریشن کی جعلی سٹمپ لگی ہوئی تھیں۔ مذکورہ سٹمپ کا آئی بی ایم ایس سسٹم میں کسی قسم کا سفری ریکارڈ موجود نہ تھا۔ ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے بیرون ملک جانے کیلئے مجموعی طور پر 39لاکھ روپے میں معاملہ کیا۔ پکڑے جانیوالے مسافر کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل فیصل آباد کے حوالے کر دیا گیا۔ فیصل آباد ائیرپورٹ پر مسافروں کی سخت اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔ مشکوک سفری دستاویزات کی تفصیلی جانچ پڑتال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں