پریس کلب اور جی سی یونیورسٹی کے اشتراک سے تصویری نمائش”زاویہ”کا انعقاد

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) پریس کلب اور جی سی یونیورسٹی کے اشتراک سے تصویری نمائش ”زاویہ”کا انعقاد، پریس کلب انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح فیصل آباد پریس کلب اور جی سی یونیورسٹی شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام تصویری نمائش “زاویہ” کا انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر روف اعظم نے کیا۔اس نما ئش میں صحافیوں، طلبہ اور فنونِ لطیفہ سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہنے والی نمائش میں معروف آرٹسٹ سعدیہ نورین، سحر لیاقت اور طارق محمود کے تخلیقی فن پارے پیش کیے گئے، جن میں زندگی کے مختلف زاویوں کو اجاگر کیا گیا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر روف اعظم نے کہا کہ آرٹ اور فوٹوگرافی معاشرتی شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے جی سی یونیورسٹی کے طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ایسی سرگرمیوں کے تسلسل پر زور دیا۔ شرکا ء نے نمائش کو خوب سراہا اور کہا کہ ایسی تقریبات نہ صرف فنکاروں کی صلاحیتوں کو نکھارتی ہیں بلکہ معاشرے میں مثبت سوچ کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔تقریب کے دوران صدر فیصل آباد پریس کلب شاہد علی نے وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی روف اعظم کا استقبال کیا اور انہیں پریس کلب کا تفصیلی دورہ کروایا۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے پریس کلب انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح بھی کیا، جس کا مقصد صحافیوں اور طلبہ کو جدید علوم سے روشناس کروانا اور عملی تربیت فراہم کرنا ہے۔صدر فیصل آباد پریس کلب شاہد علی نے اس موقع پر کہا کہ “صحافت اور فنونِ لطیفہ معاشرے کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ پریس کلب ہمیشہ ایسے مثبت اقدامات کی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا۔”اس تقریب میں پروفیسر عبد القادر مشتاق ، ڈاکٹر محمد اصغر، سینئر نائب صدر جی اے تنویر، جوائنٹ سیکرٹریز ندیم جاودانی، اورنگزیب ملک، فنانس سیکرٹری ملک شوکت، سابق صدر عبد الرحمن، سینئر فوٹو جرنلسٹ محمد طاہر، ایگزیکٹو ممبران ارشد انصاری، ڈاکٹر سعید طاہر، افشاں بتول، رانا حنا جمیل، بھی شریک تھے۔یہ تقریب آرٹ، صحافت اور تعلیمی اداروں کے باہمی اشتراک کی ایک بہترین مثال ثابت ہوئی، جس نے نئی نسل کو تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک منفرد پلیٹ فارم فراہم کیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں