وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر دیہاتوں میں بھی کھلی کچہریاں لگانے کاآغاز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر فیصل آباد ڈویژن میں شہروں کے بعد دیہاتوں میں بھی کھلی کچہریاں لگانے کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کا مقصد عوامی مسائل دہلیز پر حل کرنا ہے اس ضمن میں چک 474 گ۔ب تحصیل سمندری میں کھلی کچہری لگائی گئی۔کمشنرمریم خان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصرنے تحصیل سمندری کے دوردراز دیہات میں عوامی کھلی کچہری لگاکر عوامی مسائل سنے۔کمشنر نے دیہاتوں میں کھلی کچہری لگانے کا سلسلہ باقاعدہ بنانے کا اعلان کیا۔انہوں نے گائوں کے روایتی ماحول چارپائی پر بیٹھ کر عوامی مسائل تحمل مزاجی سے سن کر ان کے حل کے لئے محکموں کو اہداف تفویض کئے۔انہوں نے کہا کہ شہری اپنے مسائل بلارکاوٹ پیش کریں۔دوردراز علاقوں اور بالخصوص دیہاتوں میں کھلی کچہریوں لگانے کا مقصد عوام الناس سے رابطوں کو پروان اور ان کے مسائل دہلیز پر سن کر ان کا قابل عمل حل نکالنا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو دفاتر کے چکر لگوانے کا طریقہ کار ختم کررہے ہیں۔ شہریوں کے درمیان بیٹھنے سے بیشتر مسائل ختم ہوتے ہیں تاہم انتظامیہ شہریوں کو ہر شعبہ میں ریلیف کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔کھلی کچہری میں درخواست گزاروں نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ریونیوسے متعلقہ مسائل کی نشاندہی کی۔کمشنر نے سی او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو شہریوں کی صفائی سے متعلقہ شکایت ایک روز میں نمٹا کر تصویری ثبوت پیش کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے ریونیو سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے اے ڈی سی آر کو احکامات جاری کئے۔درخواست گزار شہریوں نے انتظامیہ کو انسداد تجاوزات آپریشن کرانے پر خراج تحسین کیا اور کہا کہ تجاوزات آپریشن بلارکاوٹ جاری رکھیں۔کھلی کچہری میں موجود سائلین نے کمشنر فیصل آباد اور ڈپٹی کمشنر کی آمد اور مسائل سننے پر شکریہ اداکیا۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے بھی درخواست گزاروں کو مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں