ڈجکوٹ روڈ ‘چکیرہ ڈسپوزل اسٹیشنز کی پمپنگ کیپسٹی میں اضافہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر چکیرہ اور ڈجکوٹ روڈ ڈسپوزل اسٹیشن کی پمپنگ کیپسٹی میں اضافہ کا منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے اور دونوں ڈسپوزل اسٹیشن گذشتہ روز سے مکمل کیپسٹی کی ساتھ آپریشنل ہیں جس سے جھنگ روڈ، نڑوالا روڈ اور جیل روڈ سے ملحقہ آبادیوں کو نکاسی آب کی معیاری سہولیات میسر آئیں گی۔ اس ضمن میں ایم ڈی واسا نے کہا ہے کہ چکیرہ ڈسپوزل اور ڈجکوٹ روڈ ڈسپوزل اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کے تحت پمپنگ کیپسٹی میں اضافہ کیا گیا ہے جس کے لئے چکیرہ ڈسپوزل اسٹیشن پر 40-40 کیوسک کے دو پمپس انسٹال کئے گئے ہیں اس طرح یہاں پر 80 کیوسک پمپنگ کی کیپسٹی میں اضافہ ہوا ہے اس کے ساتھ ساتھ ڈجکوٹ روڈ ڈسپوزل اسٹیشن پر 10 کیوسک اور 6 کیوسک کے دو نئے پمپ لگائے گئے ہیں اس طرح یہاں پر مجموعی طور پر 16 کیوسک کیپسٹی کو بڑھایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چکیرہ ڈسپوزل کی پمپنگ کیپسٹی میں اضافہ سے گلبرگ، غلام محمد آباد، گھنٹہ گھر اور ملحقہ آٹھ بازار جھنگ روڈ اور سمن آباد کے متعدد علاقوں کے مکینوں کو سیوریج میں ریلیف حاصل ہو گا اسی طرح ڈجکوٹ ڈسپوزل کی پمپنگ کیپسٹی میں اضافہ سے جھنگ روڈ کے علاقہ سیف آباد، شاداب کالونی،حمید پارک اور دیگر آبادیاں مستفید ہونگی۔ ایم ڈی واسا نے ڈائریکٹر کنسٹرکشن ویسٹ انجینئر علی احمد اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے کہ انہوں نے ریکارڈ مدت میں دونوں ڈسپوزل اسٹیشن کی پمپنگ کیپسٹی میں اضافہ کے منصوبے کو مکمل کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ واسا شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سروسز کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے جس کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کا اعتماد واسا کی بہترین کارکردگی کی ضمانت ہے جس کے لئے واسا کے تمام افسران و سٹاف اپنی محنت اور لگن سے ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں