سرگودہا (بیوروچیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے چاروں ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی ہے کہ غیر رجسٹرڈ ٹیکس نادہندگان کی نشان دہی کرکے ان کاڈیٹامرتب کیا جائے تاکہ انہیں ٹیکس نیٹ میں لایا جا سکے۔ضلع کی سطح پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) اسسٹنٹ کمشنرز کی معاونت سے ہوٹل،شادی ہال،ریسٹورنٹ، پراپر ٹی ڈیلرز، کار ڈیلرز، بیوٹی پالرز، کلب، کیٹرز، کیبل ٹی وی آپریٹرز، کمیشن ایجنٹس، کنسٹریکشن سروز ، پراپرٹی ڈویلپرز،فوٹوگرافرز، ٹوورز آپریٹرز، کیرج کمپنیز اور ڈرائی کلینرزکا ڈیٹا مرتب کریں۔وہ منگل کے روز اپنے کانفرنس روم میں پنجاب ریونیو اتھارٹی بارے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم، کمشنر پی آر اے رائے ناہید احمد اور اے ڈی سی جی عمر فاروق کے علاوہ خوشاب ، میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنرز،اے ڈی سی جی اور اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ کمشنر نے کہا کہ ڈویژن بھر کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) اسسٹنٹ کمشنرز و دیگر ریونیو افسران پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ساتھ بطور ٹیم شریک ہوں۔ کمشنر پی آر اے نے اجلاس کو بتایا کہ ان کا ادارہ 70 مختلف سروسز پر ٹیکس لگانے اور وصول کرنے کا مجاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران غیر رجسٹرڈ سروسز فراہم کرنے والوں کی نشان دہی کرکے ان پر ٹیکس لگانے اور وصول کرنے میں ان کے ادارہ کی معاونت کریں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سرگودہا ڈویژن میں امسال چار ارب روپے ٹیکس کی وصولی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔




