دکانداروں کیلئے خوشخبری،متوزی سائن بورڈ ،شیڈز لگانے کی اجازت

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شہر بھر میں انسداد تجاوزات مہم کے دوران تاجروں کیلئے اچھی خبر’ آٹھ بازاروں کے ساتھ ساتھ شہر بھر کے مختلف بازاروں اور مارکیٹوں کے تاجروں کو دکانوں کے اوپر لگائے جانیوالے شیڈز وسائن بورڈز برابر متوازی ”لیول” لگانے کی اجازت جبکہ دکان کے باہر فٹ پاتھ کو خالی کرنا لازمی ہو گا تاکہ پیدل چلنے والوں کو مشکل نہ ہو۔ میونسپل ریگولیشن آفیسر حافظہ عظمت فردوس نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق کمشنر مریم خان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر شہر بھر میں تجاوزات کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق شہر بھر کے بازاروں’ مارکیٹوں اور گلی محلوں میں تجاوزات کے خاتمہ کیلئے آپریشن جاری ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ شہر بھر کے بازاروں اور مارکیٹوں میں دکانداروں کو سائے کے لیے لگائے جانیوالے شیڈز 3 سے 4فٹ لگانے کی اجازت ہے لیکن شہر کی کسی بھی مارکیٹ یا بازار میں تمام شیڈز متوازی’ یکساں اور سمیٹری میں ہونے چاہیے تاکہ دیکھنے والوں کو ایک خوشگوار ماحول کا احساس ہو، یہ نہ ہو کہ ایک دکاندار کا شیڈ 10فٹ پر ہے و دوسرے دکاندار کا شیڈ 8 یا 12فٹ اونچائی پر ہو۔ مارکیٹ کے تمام دکانداروں کو شیڈ کی اونچائی اور سائز کو ایک ہی لمبائی کا لگانا ہو گا۔ اس کے اوپر دکان کے نام کا سائن بورڈ بھی حکومت پنجاب کے ڈیزائن کردہ ایک ہی سائز کے لگانا ہونگے اور اس بات کا خیال رکھا جائے کہ سائن بورڈ میں پاکستانی پرچم کے رنگ سفید اور سبز کو نمایاں رکھا جائے تاکہ پورے بازار یا مارکیٹ خوبصورت لگے اور اس کے ساتھ ساتھ تاجروں کو دکانوں کے باہر فٹ پاتھ ایک انچ بھی تجاوزات کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ پیدل چلنے اور خریداری کیلئے آنیوالوں کیلئے فٹ پاتھ خالی رکھنا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی وارننگ کے بعد شہر کے بعض بازاروں اور مارکیٹوں کے تاجر اپنے شیڈز اتار لیتے ہیں لیکن وہ اینگل نہیں اتارتے اور تجاوزات کے عملہ کے جانے کے بعد دوبارہ اینگل کے اوپر شیڈ رکھ لیتے ہیں۔ ان تاجروں اور دکانداروں کو وارننگ دیتی ہوں کہ وہ اپنے شیڈز کے اینگل بھی اتاریں اور ایک ہی سائز کے شیڈز لگائیں اگر کسی نے اینگل نہ اتارے تو حکومتی مشینری کے ذریعے اتار دیا جائے گا جس سے ان کا نقصان ہو گا۔ جبکہ ایسے تاجر جو دکانوں کے اوپر الیکٹرونک’ لائٹنگ والے سائن بورڈ ایفورڈ نہیں کر سکتے وہ لوہے کا لگوا سکتے ہیں لیکن ان کا سائز اور رنگ یکساں ہونے چاہیے۔ ان کے ڈیزائن پر کمپرومائز نہیں ہو گا تاکہ شہر بھر کے بازار اور مارکیٹیں خوبصورت نظر آئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں