رمضان المبارک میں چینی کے اسٹالز لگائے جائیں گے

اسلام آباد(بیوروچیف)وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ اجلاس ہواجس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان میں چینی 130 روپے فی کلو دستیاب ہوگی اورہر ضلع میں چینی کے اسٹالز لگائے جائیں گے۔اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق عوام کو چینی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے میونسپل سطح پر اسٹالز لگانے کا فیصلہ کیاگیا۔پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نمائندے، صوبائی سیکرٹریز اور کین کمشنرز اجلاس میں شریک ہوئے۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن اور صوبائی انتظامیہ چینی کی دستیابی یقینی بنائیں، رمضان سے تین دن قبل چینی کے اسٹالز لگائے جائیں گے، جو 27 رمضان تک جاری رہیں گے۔ اعلامیہ کے مطابق ایک شناختی کارڈ پر 5 کلوگرام چینی کی خریداری کی اجازت ہوگی، چینی ایک اور دو کلو پیکنگ میں دستیاب ہوگی، چینی کے سٹالز کی نگرانی وفاقی وزراء اور چیف سیکرٹریز کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں